, ٖ نوازشریف کا قافلہ جی ٹی روڈ پر رواں دواں ڈیلی اردو

نواز شریف نے لاہور کیلیے سفر کا آغاز کل پنجاب ہاؤس اسلام آباد سے کیا تھا، فوٹو: آن لائن

 راولپنڈی: سابق وزیر اعظم نواز شریف کا قافلہ رات راولپنڈی میں قیام کے بعد لاہور جانے کے لیے جی ٹی روڈ پر رواں دواں ہے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کا قافلہ پنجاب ہاؤس راولپنڈی میں قیام کے بعد جی ٹی روڈ کی طرف رواں دواں ہے اور ان کے ہمراہ پارٹی رہنماؤں کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے ہزاروں کارکن بھی موجود ہیں۔ کارکنوں نے اپنی گاڑیوں کو بینرز، پینا فلیکس اور شیر کے ماڈلز سے سجا رکھا ہے۔ نواز شریف کی گاڑی کے گرد کارکنوں کا خاصا ہجوم ہے جو ڈھول کی تھام پر بھنگڑے اور نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کررہے ہیں جب کہ نواز شریف بھی کارکنوں کو دیکھ کر وقتاً فوقتاً ہاتھ ہلاکر ان کے نعروں کا جواب دے رہے ہیں۔
نواز شریف کی اسلام آباد سے لاہور روانگی کا سفر گزشتہ روز پنجاب ہاؤس سے شروع ہوا تھا۔ قافلے نے 18 کلو میٹر کا سفر 12 گھنٹے میں طے کیا تھا ۔ نواز شریف نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات پنجاب ہاؤس راولپنڈی میں قیام کیا اس موقع پر پنجاب ہاوس کے اردگرد سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
نواز شریف کی ریلی جی ٹی روڈ پر تیز رفتاری سے جہلم کی جانب سفر کررہی ہے، جلد از جلد پہنچنے کے لیے نواز شریف نے روات اور گوجر خان میں مختصر قیام بھی نہیں کیا۔ نواز شریف کے کنٹینر سمیت درجنوں گاڑیاں پیچھے رہ گئیں۔
دوران سفر جی ٹی روڈ پر ایک استقبالیہ کیمپ میں موجود کارکنوں سے مختصرخطاب میں میاں نواز شریف نے کہا کہ میں نے کوئی کرپشن نہیں کی اور نہ ہی سرکاری فنڈ کھایا ہے اور نہ ہی کسی قسم کا کک بیک یا کمیشن وصول کیا ہے لیکن مجھے صرف اور صرف بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر گھر بھیج دیا گیا ہے ،کوئی بتائے کیا بیٹے سے بھی تنخواہ لی جاتی ہے کیا؟ یہ ایک وزیراعظم کی نہیں بلکہ عوام کے ووٹوں کی توہین ہے۔ میں آپ کی نااہلی کامقدمہ لے کر نکلا ہوں۔
ریلی کے باعث جڑواں شہروں میں گزشتہ روز بند کی گئی میڑو بس سروس آج کھول دی گئی ہے ۔ جس کے باعث شہریوں نے سکھ کا سانس لیا اسی طرح مری روڈ پر ممعول کی ٹریفک رواں دواں ہے۔ گزشتہ روز کی نسبت آج صبح راولپنڈی میں ریلی کے مقررہ راستے پر ہلکی ٹریفک کھلی رہی تاہم جہلم روڈ سے راشد مہناس روڈ کی جانب جانے والے راستے رکاوٹیں کھڑی کرکے بند رکھے گئے، ائیرپورٹ روڈ سمیت جہلم روڈ سے آنے والی تمام ٹریفک کو مال روڈ کی جانے کی اجازت تھی۔ آج بھی جی ٹی روڈ پر ہیوی ٹریفک تو دکھائی نہیں دے رہی تاہم ہلکی ٹرانسپورٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی ممعول کے مطابق رواں دواں ہے۔
واضح رہے کہ نواز شریف نے لاہور کیلیے سفر کا آغاز کل پنجاب ہاؤس اسلام آباد سے کیا تھا، وہ براستہ جی ٹی روڈ روات، گوجر خان،جہلم، گجرات اور گوجرانوالہ سے ہوتے ہوئے لاہور پہنچیں گے.
 
ڈیلی اردو © 2007-2023. All Rights Reserved. Powered by Blogger
Top