, ٖ ممبئی میں نیلے کتے دکھائی دینے لگے؛ مگر کیوں؟ ڈیلی اردو

بدترین صنعتی آلودگی کی وجہ سے ممبئی کے کتے بھی نیلے پڑنے لگے ہیں۔ فوٹو: انٹرنیٹ

ممبئی: بالی ووڈ نگری یعنی ممبئی کے صنعتی علاقے تلوجا اور گرد و نواح میں رہنے والے لوگ آج کل شدید حیران و پریشان ہیں کیونکہ وہاں آوارہ کتوں کی رنگت نیلی ہونے لگی ہے۔
اس صورتِ حال کا نوٹس لیتے ہوئے ’’ممبئی اینیمل پروٹیکشن سیل‘‘ نے مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ میں شکایت جمع کروائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس علاقے میں تقریباً 1000 کارخانوں سے صنعتی فضلے کے اخراج نے وہاں بہنے والی ندی ’’کسادی‘‘ کو شدید طور پر آلودہ کردیا ہے جس سے انسانوں کے علاوہ جانوروں کو بھی شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
تلوجا میں فیکٹریوں کی بڑی تعداد کا تعلق دوائیں، غذائی اور انجینئرنگ مصنوعات بنانے سے ہے جبکہ یہ فیکٹریاں اپنا گندا پانی نامناسب ٹریٹمنٹ کے بعد کسادی ندی میں بہا دیتی ہیں۔
ممبئی اینیمل پروٹیکشن بورڈ کا کہنا ہے کہ اب تک تلوجا کے علاقے میں کم از کم ایسے پانچ کتے دیکھے جا چکے ہیں جن کی رنگت نیلی ہے۔ ماحولیاتی ماہرین کو پورا یقین ہے کہ اس کی وجہ کسادی ندی میں غیرمعمولی طور پر بڑھتی ہوئی آلودگی ہے کیونکہ آوارہ کتے عموماً یہیں سے پانی پیتے ہیں اور ندی کنارے پڑے ہوئے کچرے کے ڈھیروں میں اپنے لیے کھانا تلاش کرتے ہیں۔
قوی امکان ہے کہ اب ان فیکٹریوں سے خارج ہونے والے فضلے میں تانبے کی بڑی مقدار بھی شامل ہو چکی ہے جس کی وجہ سے یہ کتے نیلے پڑ گئے ہیں؛ جبکہ دیگر زہریلے مادے اس کے علاوہ ہیں۔
پچھلے سال بھی کسادی ندی سے سمندر میں پہنچنے والے پانی کے معائنے پر معلوم ہوا تھا کہ اس میں مختلف الاقسام آلودگیوں کی شرح محفوظ حد سے کہیں زیادہ ہے جس کی وجہ سے آس پاس کے سمندر میں مچھلیوں کی بڑی تعداد مر گئی تھی۔ ممبئی میں آوارہ کتوں کا نیلا پڑنا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

 
ڈیلی اردو © 2007-2023. All Rights Reserved. Powered by Blogger
Top