, ٖ نوازشریف کا نا اہلی کے بعد گھر کا سفر؛ لاہور روانگی کی تمام تر تیاریاں مکمل ڈیلی اردو

سابق وزیراعظم نوازشریف کی ریلی گجرات اور گوجرانوالہ سے ہوتی ہوئی لاہور پہنچے گی ۔ فوٹو : فائل
 اسلام آباد: نا اہلی کے بعد سابق وزیراعظم نوازشریف کی اسلام آباد سے لاہور ریلی کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں مسلم لیگ (ن) کی ریلی کے لیے خصوصی طور پر تیار کی گئی گاڑی پنجاب ہاؤس پہنچا دی گئی ہے۔ 
 سابق وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ریلی کے پلان کوحتمی شکل دے دی گئی ہے، نوازشریف آج صبح 10 بجے پنجاب ہاؤس سے لاہور کے لیے روانہ ہوں گے۔ نواز شریف کی قیادت میں ریلی مارگلہ روڈ اور ایمبیسی روڈسے ہوتے ہوئے ایکسپریس چوک پر آئے گی جہاں پر ریلی کے ساتھ جانے والوں کو جمع ہونے کی ہدایت کی گئی ہے اور یہیں نوازشریف کارکنان سے پہلا خطاب کریں گے۔
ایکسپریس چوک سے روانگی کے بعد نوازشریف کو مجاہد پلازہ بلیو ایریا، فیصل چوک، زیرو پوائنٹ، آئی ایٹ اور فیض آباد استقبالیہ دیاجائےگا، جس کے بعد ریلی مری روڈ پرفیض آباد، شمس آباد، سکستھ روڈ، رحمان آباد، چاندنی چوک، ناز سینما، کمیٹی چوک اور لیاقت باغ سے گزرے گی، ان تمام مقامات پر ریلی کواستقبالیہ دیاجائےگا۔ نواز شریف کے فیض آباد، شمس آباد اور کچہری میں بھی خطابات متوقع ہیں۔ مریڑچوک، کچہری چوک سے ریلی ٹی چوک جائے گی اور وہاں سے روات سٹی پہنچے گی جہاں پر بھی نواز شریف کا کارکنوں سے خطاب متوقع ہے، اس کے بعد ریلی جی ٹی روڈ سے مندرہ، گجر خان، سہاوا اور دینہ سے گزرتی ہوئی جہلم پہنچےگی، جہاں نواز شریف کارکنوں سے خطاب کریں گے اورپھر سرائے عالمگیر میں رات قیام کریں گے۔
ریلی کے روٹ پر اسلام آباد پولیس، اسپیشل برانچ اور حساس اداروں کے 2500سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔ ریلی کی فیض آباد تک سیکیورٹی کی ذمہ داری اسلام آباد پولیس کی ہوگی، اس کے بعد پنجاب پولیس سیکیورٹی فراہم کرے گی جب کہ ایمرجنسی صورتحال میں راولپنڈی میں 4 ہیلی پیڈ بھی بنا دیے گئے ہیں۔

 
ڈیلی اردو © 2007-2023. All Rights Reserved. Powered by Blogger
Top