, ٖ قندھار میں نیٹو قافلے پر خودکش کار بم حملہ ڈیلی اردو

ضلع دامن میں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی نیٹو قافلے سے ٹکرادی۔ فوٹو: فائل

کابل: افغانستان کے جنوبی صوبہ قندھار میں نیٹو قافلے پر خودکش کار بم حملے میں متعدد فوجیوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔
پاکستان سے متصل افغان صوبہ قندھار کے پولیس ترجمان ضیاء درانی کے مطابق ضلع دامن میں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی نیٹو کے قافلے سے ٹکرادی۔
نیٹو نے اپنے بیان میں حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں جانی نقصان بھی ہوا ہے، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ جس قافلے پر حملہ ہوا وہ کس ملک کا تھا اور کتنے فوجی ہلاک و زخمی ہوئے۔
طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جنگجو نے ضلع دامن کے علاقے شور اندام میں افغان انٹیلی جنس کے اڈے کے قریب یہ حملہ کیا جس میں 15 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق نیٹو کی دو فوجی گاڑیاں حملے میں تباہ ہوگئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی قندھار کے ضلع خاک ریز میں افغان چھاؤنی پر طالبان کے حملے میں 26 فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

 
ڈیلی اردو © 2007-2023. All Rights Reserved. Powered by Blogger
Top