, ٖ ٹریکٹر پر بائیک کی طرح کرتب دکھانے والا باہمت کسان ڈیلی اردو

گگی بنسرا 1000 کلوگرام وزنی ٹریکٹر پر اپنے فن کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارتی پنجاب میں گگی بنسرا نامی کسان اپنے ٹریکٹر پر ایسے کرتب دکھاتے ہیں کہ گویا وہ ٹریکٹر نہیں چلا رہے بلکہ ہلکی پھلکی بائیک پر وہیلنگ کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ اپنے اس کرتب کی بنا پر گگی کئی اعزازات حاصل کرچکے ہیں اور لوگ انہیں دیہاتی میلوں میں مدعو بھی کرتے ہیں۔
ان کی ویڈیوز آن لائن اور سوشل میڈیا پر مقبول ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ گزشتہ 17 برس سے ٹریکٹر پر کرتب دکھارہے ہیں اور اب اس پر مہارت حاصل کرچکے ہیں۔ اب یہ حال ہے کہ وہ ایک ٹن وزنی ٹریکٹر کو پچھلے پہیوں پر اٹھا کر 100 میٹر تک کا سفر آسانی سے طے کرتے ہیں۔ اس کےلیے پہلے وہ ٹریکٹر کو تیزی سے پیچھے لے جاتے ہیں اور اس کے بعد فوراً آگے بڑھا کر ٹریکٹر کو اگلی جانب سے بلند کردیتے ہیں۔

گگی بنسرا کہتے ہیں، ’کرتب دکھاتے وقت مجھے بہت خوشی محسوس ہوتی ہے اور اس سے مجھ میں جوش اور تحریک پیدا ہوتی ہے۔‘ گگی کے والد نے بتایا کہ اسے موٹرسائیکل پر کرتب دکھانے کا شوق تھا لیکن غربت کی وجہ سے موٹرسائیکل خریدی نہ جاسکی اور یوں اس نے ٹریکٹر کو بطور بائیک استعمال کرنا شروع کردیا۔ اس کے بعد گگی نے دیوہیکل ٹریکٹر پر کرتب دکھانے شروع کردیئے۔


پہلے روز ٹریکٹر اتنا اٹھ گیا کہ دوبارہ زمین پر ہی نہیں آیا تاہم گگی نے اپنی کوشش جاری رکھی۔ اس کے بعد لوگ دوردراز سے اس کے کرتب دیکھنے آتے ہیں۔ اب لوگ انہیں شادیوں اور سالانہ میلوں میں بلاتے ہیں اور 20 ہزار روپے تک کی رقم بھی دیتے ہیں۔


گگی ہر روز مزید مشق کررہے ہیں اور وہ گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرانا چاہتے ہیں۔


 
ڈیلی اردو © 2007-2023. All Rights Reserved. Powered by Blogger
Top