, ٖ منشیات کا اسمگلر کبوتر پولیس مقابلے میں ہلاک ڈیلی اردو


ارجنٹینا جیل میں پولیس کی جانب سے مارا گیا کبوتر جس کی پیٹھ پر منشیات موجود تھی۔ فوٹو: بشکریہ سانتا روسا جیل انتظامیہ

بیونس آئرس: ارجنٹینا پولیس نے جیل میں قیدیوں کو منشیات پہنچانے والے کبوتر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
کبوتر کی پشت پر ایک چھوٹا پیکٹ بندھا تھا جس میں بھنگ سے کشید کردہ منشیات کی تھوڑی مقدار موجود تھی، یہ پیکٹ اس کے پروں میں دھاگوں سے باندھا گیا تھا۔
لاپامپا کے علاقے سانتا روسا میں واقع کلونیئل جیل کے افسران نے بتایا کہ پہلے انہوں نے ایک کبوتر کو کئی روز تک جیل کی عمارت میں آتے اور جاتے دیکھا تو اس پر شک گزرا۔ جیسے ہی کبوتر نیچے گرا تو پولیس افسران نے اس کی کمر سے ساڑھے سات گرام بھنگ، نشہ آور ریوٹرل کی 44 گولیاں اور ایک یو ایس بی اسٹک برآمد کی۔
جیل میں تعینات فارنزک ماہرین نے پیکٹ میں منشیات کی تصدیق بھی کی ہے جنہیں باریک کپڑے میں لپیٹا گیا تھا۔ اس کے بعد جیل کے اندر مزید تین افراد کو ملوث پایا گیا جن کے خلاف تفتیش ہو رہی ہے۔
پولیس کے مطابق اس نے 15 سے زائد کبوتر پکڑے ہیں جو جیل کے اندر سے باہر ایک دن میں 15 کے قریب پروازیں کر رہے تھے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ منشیات کی فراہمی کے لیے کبوتروں کو منظم انداز میں استعمال کیا جا رہا تھا۔ اس کے علاوہ ارجنٹینا کے مشہور شہر بیونس آئرس میں کبوتروں کی مدد سے جیل میں منشیات فراہم کی جاتی رہی تھی۔
کویت میں بھی ایک جیل میں کبوتر کو پکڑا گیا تھا جس نے 178 مرتبہ نشہ آور گولیاں جیل میں پہنچائی تھیں۔ اس کے علاوہ کوسٹا ریکا اور دیگر ممالک میں منشیات پہنچانے والے کبوتر پکڑے گئے ہیں۔

 
ڈیلی اردو © 2007-2023. All Rights Reserved. Powered by Blogger
Top