, ٖ لڑکی کی لڑکی سے شادی، کیا پاکستان کو امریکا بنانا چاہتے ہیں ڈیلی اردو


لڑکی کی لڑکی سے شادی، کیا پاکستان کو امریکا بنانا چاہتے ہیں؟ لاہور ہائیکورٹ کا سوال

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں لڑکی کی لڑکی سے شادی کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے آج بھی مبینہ دلہا علی آکاش عرف عاصمہ بی بی کی عدم حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، عدالت نے گزشتہ روز سماعت کے دوران آج گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

معزز جج نے سی سی پی او لاہور کو احکامات پر عمل درآمد کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کو گرفتار کرکے پیش نہ کیا گیا تو پولیس افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

علی آکاش عرف عاصمہ بی بی کے وکیل نے کہا کہ وہ بیماری کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوسکتا۔ وکیل نے عدالت میں نئی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ علی نے اپنی مبینہ دلہن نیہا علی کو طلاق دے دی ہے لہٰذا اب کیس کو ختم کیا جائے۔
اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ علی آکاش پنڈی میں موجود ہونے کے باوجود عدالت پیش نہیں ہوا۔

عدالت نے ملزم علی آکاش کے وکیل کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ کیا اس ملک کو امریکا کی طرز پر بنانا چاہتے ہیں؟ جہاں لڑکیاں لڑکیوں کے ساتھ اور لڑکے لڑکوں کیساتھ شادیاں کریں، کیا والدین خاموش رہیں؟ اس ملک کو کس طرف لے جایا جا رہا ہے؟ آپ اس معاشرے کو تباہ کرنے جا رہے ہیں۔

عدالت نے ایس ایچ او تھانہ ٹیکسلا اور ایس ایچ او گارڈن ٹاؤن لاہور کو دلہا کو 7 اگست تک گرفتار کرکے ہر صورت عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
 
ڈیلی اردو © 2007-2023. All Rights Reserved. Powered by Blogger
Top