, ٖ اسرائیلی وزیراعظم گندے کپڑے مفت دھلوانے کیلئے لاتے تھے،امریکی میڈیا ڈیلی اردو


اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ کے حوالے سے امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ امریکہ کے دوروں کے دوران وائٹ ہاؤس سے مفت کپڑے دھلوانے کے لیے گندے کپڑوں سے بھرے سوٹ کیس اپنے ساتھ لاتے تھے، جس کی تصدیق کرتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ کے ذرائع نے کہا کہ امریکا کے دورے کے دوران اسرائیلی وزیراعظم اور ان کی اہلیہ نے وائٹ ہاؤس کی سہولیات سے متعدد بار فائدہ اٹھایا ہے۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی دورے پر وائٹ ہاؤس میں آنے والے عالمی رہنماؤں کو تمام سہولیات بلامعاوضہ فراہم کی جاتی ہیں، تاہم اسرائیلی وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کے برعکس دیگر رہنماؤں نے اس قدر فائدہ نہیں اٹھایا جس قدر  اسرائیلی وزیراعظم اور ان کی اہلیہ اٹھاتے تھے۔


امریکی میڈیا کی رپورٹ میں وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہم پر واضح ہو گیا کہ اسرائیلی وزیراعظم اور ان کی اہلیہ وائٹ ہاؤس کی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کے لئے جان بوجھ کر گندے کپڑوں کے سوٹ کیس لاتے ہیں۔


دوسری جانب امریکا میں موجود اسرائیلی سفارتخانے نے امریکی میڈیا کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بحرین اور متحدہ عرب امارات کے معاہدوں میں رکاوٹ کے لیے الزامات کا سہارا لیا جارہا ہے، وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ نے وائٹ ہاؤس سے کپڑے دھلوانے کی سہولت کبھی استعمال نہیں کی، امریکی میڈیا کی جانب سے لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔


سفارتخانے سے جاری بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ جوڑے نے اپنے دورے کے دوران صرف دو شرٹس، پاجاما اور ایک سوٹ دھونے کے لیے کہا، جبکہ ان کی اہلیہ نے اپنے اب تک کے امریکی دوروں کے دوران صرف ایک بار کپڑوں پر استری کروائی۔ 

 
ڈیلی اردو © 2007-2023. All Rights Reserved. Powered by Blogger
Top