, ٖ موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو کس طرح سے گرفتار کیا گیا؟ ڈیلی اردو


پنجاب پولیس کی جانب سے موٹروے پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو فیصل آباد سے گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس نے ایک مہینے کی کوششوں کے بعد ملزم عابد ملہی کے لئے جال بچھا کر اسے گرفتار کیا ہے ۔

خبر رساں ذرائع کے مطابق پولیس نے عابد ملہی کی اہلیہ کو ایک موبائل فون اور نمبر فراہم کیا، جس کے ذریعے عابد ملہی کی اہلیہ نے اپنے شوہر سے رابطہ کیا اور رابطہ کرنے پر عابد ملہی نے اپنی اہلیہ کو بتایا کہ وہ جلد فیصل آباد آئے گا، جس پر پولیس نے سارا انتظام کر کے اس کی اہلیہ کو فیصل آباد پہنچایا۔


پولیس اہلکاروں نے ملزم عابد ملہی کی اہلیہ کو فیصل آباد پہنچا کر سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکاروں کا ایک جال بچھا دیا اور جیسے ہی موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد ملہی اپنی اہلیہ سے ملنے وہاں پہنچا تو اسے بنا کسی مزاحمت کے حکمت عملی کے تحت فوری گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزم کو فیصل آباد سے لاہور پہنچایا جا رہا ہے۔


خیال رہے کہ 9 ستمبر کی رات کو لاہور سیالکوٹ موٹروے پر گجر پورہ کے قریب دو ملزمان کی جانب سے سڑک کنارے کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر اس میں موجود خاتون اور بچوں کو باہر نکالا گیا اور قریب ہی جھاڑیوں میں لے جا کر خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ 

 
ڈیلی اردو © 2007-2023. All Rights Reserved. Powered by Blogger
Top