, ٖ تھانے میں آتشزدگی سے کیس پراپرٹی کی100 سے زائد موٹرسائیکلیں خاکستر ڈیلی اردو

گٹکا بنانے کی 20 سے زائد مشینیں بھی جل گئیں
کراچی: کورنگی تھانے میں آگ لگنے سے احاطے میں کھڑی کیس پراپرٹی کی درجنوں موٹرسائیکلیں اور مشینری جل کر خاکستر ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کی غفلت سے کورنگی تھانے کے احاطے میں موجود کیس پراپرٹی کی 100 سے زائد موٹرسائیکلوں میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

اس حوالے سے کورنگی فائراسٹیشن کے افسر ظفر خان نے بتایا کہ کورنگی تھانے کے احاطے میں بے ہنگم طریقے سے ایک کے اوپر ایک رکھی ہوئی موٹر سائیکلوں میں لگنے والی آگ کو ایک گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد مکمل طور پر بجھا دیا گیا جبکہ فائر بریگیڈ کے عملے نے وہاں پر موجود دیگر گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کے علاوہ تھانے کے مال خانہ اور عمارت کو بھی جلنے سے بچالیا۔

انھوں نےبتایا کہ تھانے کے احاطے میں 100 سے زائد موٹر سائیکلیں تھیں جبکہ وہاں پر قبضے میں لی گئیں گٹکا بنانے کی 20 سے زائد مشینیں بھی رکھی ہوئی تھیں۔ آگ لگنے سے درجنوں موٹرسائیکلیں اور گٹکا بنانے کی مشینیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔

کورنگی تھانے کے ڈیوٹی افسر اے ایس آئی اظہر خان نے بتایا کہ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں ہو سکا، اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت شہر بھر کے تمام تھانے موٹر سائیکلوں کا قبرستان بنے ہوئے ہیں جہاں ہزاروں لاوارث موٹر سائیکلیں کھڑی ہیں، جگہ کی کمی کے باعث تھانوں کے باہر سڑکوں پر غیر قانونی قبضہ کر کے چار دیواری بنا کر ان میں موٹر سائیکلوں کا انبار لگایا ہوا ہے۔

تھانوں کی چھتیں اور کمرے بھی اسی طرح موٹر سائیکلوں سے بھرے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے اس نوع کے مزید واقعات رونما ہونے کے خدشات موجود ہیں۔ 

 
ڈیلی اردو © 2007-2023. All Rights Reserved. Powered by Blogger
Top