, ٖ انسٹاگرام پر مشہور اور سرگرم شخصیت جس کا کوئی وجود ہی نہیں ڈیلی اردو

کوئی نہیں جانتا کہ اسے کس نے تخلیق کیا ہے تاہم اسے بالکل حقیقی انسانوں جیسا رکھنے کی بھرپور کوشش ضرور کی ہے۔ (فوٹو: انسٹاگرام)

کراچی: مکیلا سوسا نامی ایک نوجوان لڑکی نے انسٹاگرام پر ’’لٹل مکیلا‘‘ (LilMiquela) کے نام سے اکاؤنٹ بنایا ہوا ہے جس کے مداحوں کی تعداد 250,000 سے بھی زیادہ ہے۔
کسی مشہور اداکارہ کی طرح یہ بھی ہر روز اپنی سیلفیاں، تفریحی مقامات اور دعوتوں کی تصویریں شیئر کرتی رہتی ہے۔ وہ اپنے چاہنے والوں کے تبصروں پر جواب بھی دیتی ہے جب کہ کبھی کبھار اپنے چاہنے والوں کو نت نئے ڈیزائن والے کپڑے پہننے کی ترغیب بھی دیتی رہتی ہے لیکن…
… لیکن حقیقی دنیا میں مکیلا کا کوئی وجود نہیں بلکہ یہ کمپیوٹر پر تخلیق کی گئی ایک ماڈل ہے جو کسی جیتی جاگتی دوشیزہ کی طرح دکھائی دیتی ہے۔

وہ صرف اپنے مداحوں کے تبصروں کا شکریہ ہی ادا نہیں کرتی بلکہ اپنے تاثرات میں فیشن سے متعلق ان کی رہنمائی بھی کرتی ہے اور ان کمنٹس کو پڑھ کر یوں لگتا ہے جیسے کہ مکیلا واقعی میں کوئی انسان ہو۔


کوئی نہیں جانتا کہ اسے کس نے تخلیق کیا ہے لیکن کمپیوٹر کے ذریعے تھری ڈی ماڈل بنانے والے ماہر آرٹسٹوں کا اس بات پر اتفاق ضرور ہے کہ مکیلا کے خد و خال تیار کرنے میں کسی اصل انسان کو لازماً سامنے رکھا گیا ہے۔
مکیلا کا انسٹاگرام اکاؤنٹ پچھلے سال کھولا گیا تھا جس نے چار ماہ کی مختصر سی مدت میں غیرمعمولی مقبولیت حاصل کرلی۔


یہ اپنی باتوں، اداؤں اور مشوروں سے اپنے چاہنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کررہی ہے لیکن اس کی پراسراریت ہر آنے والے دن کے ساتھ بڑھتی بھی جارہی ہے۔
کچھ لوگ مکیلا کے اصل خالق کا پتا لگانے کی کوشش کررہے ہیں مگر اب تک اس معاملے میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوسکی ہے۔ البتہ اتنا ضرور اندازہ ہے کہ شاید مکیلا کا تخلیق کار دنیا کو یہ بتانا چاہتا ہے کہ جب کمپیوٹر بھی انسان جیسا ذہین ہوجائے گا تو وہ انسانی خیالات اور تبصروں پر کیسے ردِعمل ظاہر کرے گا۔


یہ بھی ہوسکتا ہے کہ جب مکیلا کا اصل تخلیق کار سامنے آئے تو وجہ کچھ اور ہی نکلے۔





 
ڈیلی اردو © 2007-2023. All Rights Reserved. Powered by Blogger
Top