, ٖ بھارت؛ آپریشن تھیٹر میں ڈاکٹرز کی لڑائی نے نومولود کی جان لے لی ڈیلی اردو



واقعہ بھارتی شہر جودھ پور میں پیش آیا جہاں انیتا نامی حاملہ خاتون کو آپریشن کیلئے لایا گیا تھا۔ فوٹو: فائل

جودھ پور: بھارت کے ایک اسپتال میں آپریشن تھیٹر کے اندر دو ڈاکٹرز مریض کو چھوڑ کر آپس میں لڑتے رہے جس نے نومولود کی جان لے لی اور واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بھارتی شہر جودھ پور میں پیش آیا جہاں انیتا نامی حاملہ خاتون کو بچے کی پیدائش کے لئے ایمرجنسی میں لایا گیا اور آپریشن کے بعد خاتون کے ہاں ایک بچی کی پیدائش ہوئی تاہم پیدائش کے فوری بعد بچی چل بسی۔ انٹرنیٹ پر جاری کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مریضہ بستر پر لیٹی ہوئی ہے اور دو ڈاکٹرز کسی بات پر آپس میں جھگڑا کر رہے ہیں۔
اس واقعے کے خلاف اسپتال انتظامیہ نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور آپریشن تھیٹر میں موجود تمام افراد کے بیانات ریکارڈ کر دیے ہیں۔ دوسری جانب مقامی عدالت نے بھی اسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ نوزائیدہ بچی کی موت کی وجہ بتائے۔ راجستھان کے لیگل سروسز اتھارٹی کے سیکریٹری نے عدالت کو بتایا کہ جس آپریشن تھیٹر میں انیتا کی بچی کی موت ہوئی وہیں ایک دوسری خاتون نسیم بانو بھی موجود تھیں اور انہوں نے بھی بچی کو جنم دیا تاہم وہ بالکل تندرست ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ بچی کی موت کی وجہ ڈاکٹرز کی غفلت تو نہیں۔
اسپتال کی سپرینٹنڈنٹ رنجانا دیسائی کا کہنا ہے کہ جب انیتا کو لایا گیا تو اس کی حالت تشویشناک تھی لہٰذا فوری طور پر اس کا آپریشن کرنا پڑا تاہم بچی کو نہ بچایا جا سکا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچی کی موت آکسیجن کی کمی کی وجہ سے ہوئی ہے۔

 
ڈیلی اردو © 2007-2023. All Rights Reserved. Powered by Blogger
Top