, ٖ موٹر سائیکل سوار پر تشدد کرنے والا پولیس موبائل کا ڈرائیور معطل ڈیلی اردو


راولپنڈی میں ایک سڑک پر پولیس موبائل سے اتر کر اہلکار نے موٹر سائیکل سوار سےناروا سلوک کیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سی پی او راولپنڈی نے پولیس موبائل کے ڈرائیور کو معطل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ترنول ریلوے کراسنگ راولپنڈی کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں ایک پروٹوکول سیکورٹی موبائل کے اہلکاروں نے ایک موٹر سائیکل سوار کو گھیر رکھا ہے۔

اسی دوران موبائل کے ڈرائیور جس نے پنجاب پولیس کی یونیفارم پہن رکھی ہے نے موٹرسائیکل سوار کو تھپڑ رسید کردیا اور اس کے بعد تمام اہلکار موبائل میں سوار ہوگئے۔


واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس نے نوٹس لیتے ہوئے موبائل کے ڈرائیور اشتیاق احمد کے معطلی کے احکامات جاری کردیئے۔

اس کے ساتھ ساتھ سی پی او راولپنڈی نے ایس ایس پی آپریشنز کو واقعے کی تحقیقات کا بھی حکم دیدیا، ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ محکمانہ قوائد و ضوابط کے مطابق میرٹ پر انکوائری کی جائے گی۔


ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق سی پی او راولپنڈی نے کہا ہے کہ کسی بھی شہری سے ناروا سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائےگا۔

 
ڈیلی اردو © 2007-2023. All Rights Reserved. Powered by Blogger
Top