, ٖ سوات: سیلاب کی زد میں آکر تین لاکھ سے زائد ٹراؤٹ مچھلیاں ہلاک ڈیلی اردو


سوات کی تحصیل مدین میں سیلاب کی وجہ سے ٹراؤٹ مچھلیوں کے فشنگ فارمز سیلاب کے پانی میں بہہ گئے، جس کی وجہ سے تقریباً تین لاکھ سے زائد ٹراؤٹ مچھلیاں ہلاک ہوگئی ہیں، اتنی بڑی تعداد میں ٹراؤٹ مچھلیوں کے ہلاک ہونے کی وجہ سے فش انڈسٹری کو بڑا دھچکا بھی لگا ہے۔

خبر رساں ادارے کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے مدین کے فش فارمز کے مالکان کا کہنا تھا کہ حالیہ آنے والے سیلاب کی وجہ سے ہماری لاکھوں ٹراؤٹ مچھلیاں مر گئی ہیں جبکہ ان کے ہزاروں بچے بھی پانی کی نذر ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ہمارا لاکھوں روپے کا نقصان ہو گیا ہے، اس کے علاوہ سیلاب کی وجہ سے ہمارے فش فارمز بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔

سوات کی تحصیل مدین کے مقامی لوگوں کا خبر رساں ادارے کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیلابی پانی کی وجہ سے ٹراؤٹ مچھلیوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے فارمز کے مالکان نے بڑے نقصان سے بچنے کے لیے انہیں فوری مارکیٹ میں لا کر بیچنے کا فیصلہ کیا، مقامی لوگوں کے مطابق ٹراؤٹ مچھلی کی قیمت 3000 روپے فی کلو سے کم ہوکر 500 روپے فی کلو پر آگئی ہے۔

شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے لینڈ سلائڈنگ ہونے کے سبب راستے خراب ہونے کی وجہ سے ٹراؤٹ مچھلیوں کی ترسیل دیگر علاقوں تک ممکن نہیں رہی اور فارمز کے مالکان نے مچھلیوں کے گلنے اور سڑنے کے ڈر سے آس پاس کے دیہاتیوں میں بانٹنی شروع کردی ہیں۔


ٹراؤٹ مچھلیوں کے فش فارمز کے مالکان نے سیلاب کی وجہ سے ہونے والے لاکھوں روپے کے نقصان کے ازالے کیلئے حکومت سے اپیل کی ہے، انہوں نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے ہمارے ہونے والے نقصان کا فوری ازالہ کیا جائے اور ہمیں ہمارے فش فارمز کی دوبارہ بحالی کے لیے بھی امداد فراہم کی جائے۔ 
 
ڈیلی اردو © 2007-2023. All Rights Reserved. Powered by Blogger
Top