پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے ہونے والی ووٹنگ کے مطابق چودھری پرویز الٰہی نے 186 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ حمزہ شہباز کو 179 ووٹ ملے۔ تاہم ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری نے چودھری شجاعت کے خط کو بنیاد بنا کر مسلم لیگ ق کے 10 ارکان کے ووٹ مسترد کر دیے جس کے بعد پرویز الٰہی کے ووٹوں کی تعداد 176 جبکہ حمزہ شہباز کے ووٹوں کی تعداد 179 ہوگئی۔ مسلم لیگ ق کے 10 ارکان کے ووٹ مسترد ہونے کے بعد حمزہ شہباز تین ووٹوں کی اکثریت سے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے پر براجمان رہیں گے جبکہ تحریک انصاف نے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعے کو تین گھنٹے کی تاخیر سے شام 7 بجے شروع ہوا۔ دوسری جانب مقامی ٹی وی چینلز کے مطابق مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کی جانب سے ایک خط لکھا گیا ہے جس کے مطابق انہوں نے اپنے ارکان کو تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار کو ووٹ ڈالنے سے منع کردیا۔ پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کے عمل میں مسلم لیگ ق کے 10 ارکان نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ ادھر مونس الٰہی نے ایک بیان میں کہا کہ ’چودھری شجاعت حسین کے خط سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہمارے پاس مسلم ق کی پارلیمانی پارٹی کی واضح ہدایت موجود ہے۔‘ لاہور ہائی کورٹ نے پولیس کو پنجاب اسمبلی میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورت حال پیدا ہونے کی صورت میں طلبی پر پولیس اسمبلی کے اندر جا سکے گی۔ دوسری جانب مقامی میڈیا کے مطابق چودھری پرویز الٰہی کے صاحبزادے چودھری مونس الٰہی نے کہا ہے کہ ’پارٹی صدر چودھری شجاعت حسین نے عمران خان کے امیدوار کی حمایت کرنے سے انکار کردیا۔‘ مونس الٰہی کا کہنا ہے کہ ’میں بھی ہار گیا، چودھری شجاعت نے کوئی ویڈیو بیان ریکارڈ نہیں کرایا۔‘ دوسری طرف الیکشن سے ایک رات قبل آصف علی زرداری نے چوہدری شجاعت سے ملاقات کی۔ یہ ایک ہفتے میں ان کی چوہدری شجاعت سے دوسری ملاقات تھی۔ یاد رہے کہ تکنیکی اعتبار سے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے ہونے والا یہ مقابلہ رن آف الیکشن تھا۔ یعنی آئین میں درج کیے گئے طریقہ کار کے مطابق الیکشن کا ایک مرحلہ پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے اس لیے کسی بھی امیدوار کے لیے یہ قدغن اب نہیں تھی کہ وہ 186 ووٹ ہی حاصل کرے۔ |
---|
سبسکرائب کریں در:
تبصرے شائع کریں (Atom)
0 Comments:
ایک تبصرہ شائع کریں