جنوبی پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں ایک مدرسے میں 5 سالہ بچہ ہوس کی بھینٹ چڑھ گیا، حالت تشویش ناک ہونے پر ہسپتال داخل کردیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق مظفر گڑھ کے نواحی گاؤں موضع لنکراں کے ایک مدرسے میں 5 سالہ بچہ دینی تعلیم حاصل کرنے کیلئے جایا کرتا تھا، واقعے کے روز مدرسے کے مالک کے بیٹے نے مبینہ طور پر بچے کو بدفعلی اور جنسی زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کو شدید تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لایا گیا جہاں ہونے والے میڈیکل ٹیسٹ میں تصدیق ہوئی کہ بچے کو بدفعلی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ ملزم بچے کے ساتھ بدفعلی کے بعد مدرسے سے فرار ہوگیاتھا، واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
واضح ہو کہ پنجاب سمیت پاکستان بھر میں بچوں کے ساتھ بدفعلی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، بچوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم کے مطابق سال 2019 میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے 2 ہزار 877 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے54 فیصد بچیاں جبکہ46 فیصد لڑکے تھے۔
0 Comments:
ایک تبصرہ شائع کریں