, ٖ گوجرانوالہ میں اے ایس آئی کا لڑکی سے مبینہ زیادتی کا ڈراپ سین ڈیلی اردو

تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے تھانہ اروپ کے اے ایس آئی کا لڑکی سے مبینہ زیادتی کا ڈراپ سین ہوگیا، متاثرہ لڑکی نے عدالت میں بیان ریکارڈ کروایا کہ میرے ساتھ زیادتی نہیں کی گئی۔


متاثرہ لڑکی نے مصباح بی بی نے عدالت میں بیان ریکارڈ کروایا کہ ملزم اے ایس آئی مبشر نے میرے ساتھ زیادتی نہیں کی، والد نے غلط فہمی کی بنا پر مقدمہ درج کروایا۔


ذرائع کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ نے بیان لکھ کر سربمہر کرکے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو بھجوادیا۔


پولیس کے مطابق تحقیقات میں ٹھوش شواہد سامنے آنے پر لڑکی نے اپنا بیان تبدیل کیا ہے۔ جیو فینسنگ اور سی ڈی آرز کے نتائج کے مطابق وقوع کے وقت اے ایس آئی کی موجودگی موقع پر نہیں پائی گئی جبکہ وقوعہ کے بتائے گئے دورانیہ میں لڑکی اپنے جاننے والوں کے ساتھ ٹیلی فون پر باتیں کرتی رہی تھی۔


پولیس کے مطابق ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں بھی ایف آئی آر میں دیے گئے بیان کی تصدیق نہیں ہوئی اور تحقیقاتی ٹیم نے سارے شواہد لڑکی کے سامنے رکھے جس پر لڑکی نے اپنا بیان تبدیل کیا۔



یاد رہے کہ تھانہ اروپ کے علاقے بسم اللہ کالونی کی رہائشی لڑکی نے چند روز قبل اے ایس آئی مبشر پر زیادتی کا الزام لگایا تھا جس کا مقدمہ تھانہ اروپ میں درج کیا گیا تھا۔ لڑکی کے والد کا موقف تھا کہ اس نے اوباش نوجوانوں کے خلاف درخواست دی لیکن اے ایس آئی نے بجائے انکے خلاف کاروائی کرنے کے لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنادیا



ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اے ایس آئی 10 بجے سے ایک بجے تک لڑکی کے گھر میں موجود رہا جبکہ جیو فینسنگ رپورٹ کے مطابق اے ایس آئی مبشر لڑکی کے گھر چالیس منٹ موجود رہا تھا۔


ذرائع کے مطابق لڑکی نے 10 بجے سے ایک بجے تک اپنے نمبر سے مختلف لوگوں کو 29 کالز کیں، موبائل لوکیشن کے مطابق لڑکی کے گھر سے اے ایس آئی تھانے واپس آیا اور پھر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی چلا گیا تھا۔


دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ بیان کی تصدیق شدہ کاپی ملتے ہی مقدمہ خارج کردیا جائے گا۔ 

 
ڈیلی اردو © 2007-2023. All Rights Reserved. Powered by Blogger
Top