, ٖ ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھی لاش کو چوہے کھا گئے ڈیلی اردو


بھارت کی ریاست تلنگانہ کے ایک سرکاری اسپتال کے مردہ خانے میں رکھی لاش کو چوہوں نے اپنی خوراک بنا لیا۔

دل دہلا دینے والا واقعہ یادادری بھونگیر گورنمنٹ اسپتال میں پیش آیا جس کے بعد مردہ خانے میں رکھی دیگر لاشوں کے لواحقین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ واقعہ اتوار کے روز پیش آیا تاہم اسپتال کا عملہ اس سے لاعلم رہا۔

لاش 38 سالہ لاری ڈرائیور راوی کی تھی جو نشے کا عادی تھا۔ اس نے چند روز قبل پھانسی کے پھنڈے سے لٹک کر خودکشی کی تھی۔ پولیس نے راوی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلیے اسپتال منتقل کیا تھا۔

جب راوی کے اہل خانہ آخری رسومات کیلیے لاش لینے پہنچے تو دیکھا کہ مردہ خانے میں موجود چوہوں نے لاش کو بُری طرح متاثر کیا۔ چوہوں نے راوی کے چہرے، ہاتھوں اور ٹانگوں سے گوشت نوچا، یہاں تک کہ وہ سر کا حصہ بھی کھا گئے۔

راوی کے اہل خانہ نے سرکاری اسپتال میں دھرنا بھی دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتال میں انتظامات انتہائی ناقص ہیں جبکہ عملہ بھی لاپرواہ ہے، اسپتال میں جگہ جگہ چوہوں کا راج ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں ہر چھوٹے اور بڑے کام کیلیے رشوت طلب کی جاتی ہے، کوئی بھی سروس حاصل کرنی ہو رشوت کے بغیر نہیں ملتی، سرکاری اسپتال میں پیسے دینے کے باوجود دیکھ بھال اور سکیورٹی کا کوئی خاص انتظام نہیں ہے۔

دوسری جانب یادادری بھونگیر گورنمنٹ اسپتال کی انتظامیہ نے راوی کے اہل خانہ کے دعوؤں کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں ایک بھی چوہا نہیں ہے۔ 


 
ڈیلی اردو © 2007-2023. All Rights Reserved. Powered by Blogger
Top