, ٖ بے بسی کی تصویر: 8 سالہ بچے کی گود میں 2 سالہ بھائی کی لاش ڈیلی اردو

انڈیا میں سوشل میڈیا صارفین دو بھائیوں کی ایک درد ناک تصویر پر اظہار افسوس کر رہے ہیں۔ یہ تصویر ایک دو سالہ بچے کی کفن میں لپٹی لاش کی ہے جس کا ایک بازو کفن سے باہر لٹکا ہوا ہے۔ دو سالہ بچے کی یہ لاش ایک دیوار سے سہارا لیے اس کے آٹھ سالہ بھائی کی گود میں ہے۔

یہ منظر ریاست مدھیہ پردیش کے قصبے مورینا کا ہے جسے ایک مقامی صحافی نے عکس بند کیا۔ آٹھ سالہ گلشن اپنے دو سالہ بھائی راجا کی لاش کے ساتھ ہے جبکہ ان کے والد پوجا رام جاتو انہیں گھر لے جانے کے لیے کسی سواری کی تلاش میں گئے ہوئے ہیں۔ انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق پوجا رام اپنے دوسالہ بیٹے کو ایک مقامی ہسپتال سے ایمبولینس پر مورینا ڈسٹرکٹ ہسپتال لے کر آئے تھے۔

بیٹ میں پانی جمع ہونے اور سوجن کی تکلیف کا شکار راجا دوراج علاج جان کی بازی ہار گیا تھا لیکن وہ ایمبولینس جو اسے یہاں تک لے کر آئی تھی وہ واپس جا چکی تھی۔

 پوجا رام جاتو کا کہنا تھا وہ اپنے بیٹے کی لاش کو واپس گھر لے جانے کے لیے سواری کا بندوبست نہیں کر سکتا تھا۔


پوجارام نے ڈاکٹروں اور ہسپتال کے عملے سے درخواست کی کہ وہ تیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع اس کے گاؤں تک جانے کے لیے انہیں سواری فراہم کر دیں۔ ان کاکہنا تھا کہ انہیں سواری نہیں دی گئی اور اپنے طور پر اس کا بندوبست کرنے کا کہا گیا۔

ہسپتال کے احاطے میں پارک کی گئی ایمبولینس کا کرایہ بھرنے کی سکت اس میں نہیں تھی۔ یہ وہ وقت تھا جب پوجا رام اپنے راجا اور گلشن کو تنہا چھوڑ کر کسی سواری کی تلاش میں نکلا تھا۔


انڈین میڈیا کے مطابق گلشن اپنے مردہ بھائی کو گود میں لیے آدھے گھنٹے تک وہیں بیٹھا رہا۔ اس سے مکھیاں اڑاتا رہا اور اس کی آنکھوں نے ایک آدھ آنسو بھی بہہ نکلتا، اپنے باپ کی راہ دیکھتا رہا۔

اسی دوران وہاں ہجوم جمع ہوگیا اور حکام کو مطلع کیا گیا۔


ایک پولیس افسر یوگندر سنگھ نے لاش کو اٹھایا اور گلشن کے ساتھ دوبارہ مورینا ہسپتال لے گیا جہاں سے پوجا رام اور اس کے بیٹوں کے لیے ایمبولینس کا بندوبست کیا گیا۔ 

 
ڈیلی اردو © 2007-2023. All Rights Reserved. Powered by Blogger
Top